عمران خان اپنے وزیر تبدیل کریں
جب کسی عوامی نمائندے کو یہ حق حاصل ہو جائے کہ وہ بھاری مینڈیٹ سے منتخب ہونے کے بعد ایسا مطلق العنان حکمران بن جائے کہ جمہور کے سوال کو گالی اور فریاد کو حریف کی چال سمجھے ، کشکول توڑنے کا دعوی کرے مگر کشکول بردار بن کر ملکوں ملکوں گھومتا پھرے ،میرٹ کے دعوے بھلا کر آؤٹ آف ٹرن بھرتیوں کووقت کی ضرورت اور مجبوری کہے، حلیفوں کے اللّوں تلّلوں پر آنکھیں اور کان بند کر لے کہ جزا و سزا کا معیار ہی بدل دے ،بیروزگاری کے واویلوں پر ڈھٹائی سے مضحکہ خیز بیانات داغے ، نقادوں کی تنقید کو اصلاح نہیں بلکہ بغاوت قرار دے ،ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کا ایسا بول بالا ہو کہ ہر طرف افراتفری ، عدم برداشت اور نفسا نفسی کا عالم ہو اور وہ میڈیا پرمعاشی خسارے کے قصے سنائے ، سرکاری نوکریوں سے بچنے کی تلقین کرے اور سرکاری اداروں کو بند کرنے کا عندیہ دے تو یقین کر لینا چاہیے کہ ’’یہ وقت گزرنے والا ہے‘‘! حکومت آزمائش کا میدان ہوتی ہے ،اﷲ پاک مشکلوں،آزمائشوں اور خدائی آفات کے ذریعے انسان کو جھنجھوڑتا ہے کہ وہ اپنی اصلاح کرلے اور بہتر حکمت عملیاں ترتیب دے لے۔ایسے میں دور اندیش کانپ جاتے ہیں جبکہ غافل اور زبان د...